ڈسکہ، سیالکوٹ (اسٹاف رپورٹر وسیم رضا) ڈسکہ اور گردونواح میں ایل پی جی کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے باعث شہریوں اور کاروباری افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی رپورٹ کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت 600 روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سردیوں کے آغاز سے قبل ہی شہر اور نواحی علاقوں میں ایل پی جی مہنگی ہو گئی ہے۔ گھریلو سلنڈر چھ ہزار روپے جبکہ کمرشل سلنڈر 26 ہزار روپے تک فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ انتظامیہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مؤثر کردار ادا نہیں کر رہی، جس کے باعث صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی سرکاری مقررہ قیمت پر فروخت یقینی بنائی جائے اور زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
