کراچی: کارگو ہولڈ میں آگ کی نشاندہی کے باعث ٹورنٹو ایئرپورٹ پر واپس اتاری گئی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز آج مسافروں کو لے کر کراچی کے لیے روانہ ہوگی۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز اتوار کو ٹورنٹو سے کراچی کے لیے روانہ ہوئی تھی، تاہم ٹیک آف کے تقریباً 15 منٹ بعد کارگو ہولڈ میں آگ کی نشاندہی ہونے پر طیارے کو واپس ٹورنٹو ایئرپورٹ اتار لیا گیا۔
طیارے کی واپسی کے بعد ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام مسافروں کو لاؤنج منتقل کردیا گیا، جبکہ طیارے کا تفصیلی تکنیکی اور حفاظتی معائنہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق تکنیکی وجوہات کی بنا پر پرواز کو رات گئے منسوخ کردیا گیا تھا اور اس کی روانگی کے لیے پیر کی شام 5 بجے کا وقت مقرر کیا گیا، تاہم بعد ازاں پرواز کی روانگی میں مزید ایک روز کی تاخیر کردی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی ہوا بازی کے قوانین کے تحت طیارے کے کارگو ہولڈ میں نصب فائر بوٹلز کی تبدیلی ضروری قرار دی گئی، جس کے باعث پرواز کی روانگی میں تاخیر ہوئی۔
ذرائع کے مطابق کارگو ہولڈ میں آگ کی نشاندہی کے وقت کاک پٹ میں موجود کپتان اور نائب کپتان نے حفاظتی اقدامات کے تحت کارگو ہولڈ میں نصب دونوں فائر بوٹلز استعمال کیے تھے۔
ایک فائر بوٹل کراچی سے ٹورنٹو بھجوائی گئی، جبکہ دوسری فائر بوٹل ایئر کینیڈا سے حاصل کی گئی۔
اس سے قبل طیارے کے کارگو ہولڈ میں فائر سائن کی مکمل کلیئرنس کے لیے سیفٹی حکام نے طیارے کو تقریباً 14 گھنٹے تک روکنے کی ہدایت بھی جاری کی تھی۔
دوسری جانب پرواز پر تعینات عملے کے ڈیوٹی اوقات مقررہ حد سے تجاوز کر جانے کے باعث عملے کو ہوٹل منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آج روانہ ہونے والی مذکورہ پرواز کے ذریعے تقریباً 130 مسافر ٹورنٹو سے کراچی پہنچیں گے۔
