پشاور: کرک کے علاقے سپینہ میں گیس کے دھماکے کے نتیجے میں ایک عمارت کا حصہ منہدم ہوگیا، حادثے میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ او جی ڈی سی ایل کے قریب گیس کنکشن کے کام کے دوران پیش آیا۔ اچانک ہونے والے دھماکے سے عمارت کا ایک حصہ گر گیا اور متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچیں اور ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائی شروع کردی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ایک بچی سمیت 10 زخمیوں کو ملبے سے نکال لیا گیا، جبکہ 2 افراد کی لاشیں بھی برآمد کرلی گئی ہیں۔
زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق ممکنہ طور پر مزید افراد کے ملبے تلے موجود ہونے کے خدشے کے پیش نظر سرچ آپریشن جاری ہے۔ امدادی سرگرمیوں میں 4 ایمبولینسز، ایک ریکوری وہیکل اور 13 ریسکیورز حصہ لے رہے ہیں۔
