نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے گندم کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام یقینی بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکام کو باہمی تعاون بڑھانے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد میں گندم کی درآمد سے متعلق کمیٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے ملک میں گندم کے موجودہ ذخائر، متوقع طلب اور رسد کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ضرورت کے مطابق گندم کی درآمد کا طریقہ کار مؤثر بنایا جائے اور ملک بھر میں اس کی بلا تعطل ترسیل یقینی بنائی جائے تاکہ صارفین کو قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سے تحفظ فراہم کیا جاسکے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق، سندھ کے وزیر خوراک، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز اور صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
