مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے امن و امان کی صورتحال کے باعث عام انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ضلع پونچھ اور ضلع سدھنوتی (پلندری) کے انتخابی حلقوں میں پولنگ مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق حکومت آزاد کشمیر کے محکمہ داخلہ کی جانب سے موصول ہونے والی رپورٹ میں دونوں اضلاع میں سیکیورٹی خدشات کی نشاندہی کی گئی، جس کے پیش نظر 10 اگست کو ان علاقوں میں ووٹنگ نہیں ہوگی۔
ترجمان نے بتایا کہ ضلع باغ کے تین انتخابی حلقوں اور ضلع حویلی کے ایک حلقے میں پولنگ پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق 10 اگست کو ہی منعقد ہوگی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ امن و امان سے متعلق خدشات اور بعض سیاسی رہنماؤں و امیدواروں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا، تاکہ ووٹنگ کا عمل آزادانہ، شفاف اور پُرامن ماحول میں یقینی بنایا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق متاثرہ حلقوں میں انتخابات کی نئی تاریخ اور نظرثانی شدہ شیڈول حالات کا جائزہ لینے اور تمام متعلقہ عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے بعد میں جاری کیا جائے گا۔
