افغانستان میں منشیات کی اسمگلنگ اور دہشت گرد نیٹ ورکس کے روابط سے متعلق دعوے
افغان جریدے ہشتِ صبح کے مطابق افغانستان میں منشیات کی صنعتی پیمانے پر پیداوار اور اسمگلنگ سے طالبان حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں کو مالی وسائل حاصل ہو رہے ہیں۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ افغان طالبان کی سرپرستی میں قائم منشیات کی لیبارٹریاں اور اسمگلنگ کے نیٹ ورکس حکومت کی مالی معاونت کا اہم ذریعہ ہیں۔ جریدے کے مطابق قدرتی منشیات کے ساتھ میتھامفیٹامائن اور کرسٹل ڈرگز کی پیداوار اور پھیلاؤ بھی تشویش کا باعث بن رہے ہیں۔
رپورٹ میں منشیات کی تجارت اور دہشت گرد نیٹ ورکس کے درمیان تعلق پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ سکیورٹی ماہرین اور بین الاقوامی اداروں سے منسوب مؤقف کے مطابق منشیات کی غیر قانونی تجارت خطے اور عالمی سلامتی کے لیے خطرات پیدا کرسکتی ہے۔
