تہران: ایران کی پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے دعویٰ کیا ہے کہ فورس کی عسکری صلاحیتیں پہلے کے مقابلے میں کم از کم ڈیڑھ گنا بڑھ گئی ہیں اور جنگ میں شدت آنے کی صورت میں مخالفین کو حیران کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔
ترجمان کے مطابق پاسداران انقلاب کی فوجی طاقت میں مقداری اور معیاری، دونوں سطحوں پر اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میزائلوں، ڈرونز اور دیگر فوجی سازوسامان کی تیاری جاری ہے، جبکہ ان کی پیداوار میں مزید توسیع بھی کی گئی ہے۔
بریگیڈیئر جنرل حسین محبی کا کہنا تھا کہ ایرانی ہتھیاروں کی مار کرنے کی حد، اہداف کو درست نشانہ بنانے کی صلاحیت اور تباہ کن قوت میں بہتری لائی گئی ہے۔ ان کے مطابق جدید ہتھیاروں کی تیاری کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جنگ میں مزید شدت آئی تو پاسداران انقلاب کی ایسی صلاحیتیں اور ہتھیار سامنے آ سکتے ہیں جو مخالفین کے لیے غیر متوقع ہوں گے۔
