ایشین گیمز 2026: بھارتی فائٹر سوچیکا کو ڈرامائی مقابلے کے بعد شکست
ایشین گیمز 2026 کے ایم ایم اے سیمی فائنل میں بھارتی فائٹر سوچیکا اور سنگاپور کی ٹفنی ٹیو کے درمیان مقابلہ انتہائی سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوگیا، جہاں مقررہ وقت کے اختتام پر دونوں فائٹرز کے پوائنٹس برابر رہے۔
برابری کے بعد فیصلہ کرنے کے لیے ایک منٹ کا اوور ٹائم کرایا گیا۔ ابتدائی طور پر اوور ٹائم کا فیصلہ 1-2 سے سنگاپور کی ٹفنی ٹیو کے حق میں دیا گیا، تاہم بھارتی ٹیم نے اس فیصلے پر احتجاج کیا۔
بعد ازاں ثالثی کے عمل کے بعد مقابلہ برابر قرار دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کے قوانین کے مطابق ایسی صورتحال میں کم وزن رکھنے والی فائٹر کو فاتح قرار دیا جاتا ہے۔
مقابلے کے بعد سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق بھارتی فائٹر سوچیکا کا وزن ٹفنی ٹیو سے تقریباً 700 گرام زیادہ تھا۔ اسی بنیاد پر سنگاپور کی فائٹر کو فاتح قرار دے کر فائنل میں پہنچا دیا گیا، جبکہ بھارتی کھلاڑی کا سفر سیمی فائنل میں ختم ہوگیا۔
مقابلے کے فیصلے کے بعد بھارتی فائٹر کی جانب سے نتیجے کو قبول نہ کرنے کی ویڈیوز اور اطلاعات بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئیں، جس کے باعث یہ مقابلہ ایشین گیمز کے ایم ایم اے ایونٹ میں خاصی توجہ کا مرکز بن گیا۔
