بھمبر میں محکمہ صحت اور پاک فوج کے اشتراک سے فری میڈیکل کیمپ، 400 سے زائد مریض مستفید
بھمبر: محکمہ صحت ضلع بھمبر اور پاک فوج کے تعاون سے تحصیل برنالہ کے بنیادی مرکز صحت خیرووال میں مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جہاں 400 سے زائد مریضوں کا طبی معائنہ کرکے انہیں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی گئیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بھمبر ڈاکٹر شہزاد غضنفر کی خصوصی ہدایات پر منعقدہ کیمپ میں میڈیکل اسپیشلسٹ، چائلڈ اسپیشلسٹ، سرجیکل اسپیشلسٹ، گائناکالوجسٹ اور آئی اسپیشلسٹ نے شرکت کی۔ ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور انہیں ضروری طبی مشورے فراہم کیے۔
ڈاکٹر شہزاد غضنفر نے کیمپ کا دورہ کرکے طبی سہولیات، انتظامات اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس کے انعقاد کا مقصد ایسے شہریوں کو ان کی دہلیز پر علاج کی سہولت فراہم کرنا ہے جو مختلف وجوہات کی بنا پر ہسپتالوں تک نہیں پہنچ سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں ایسے کیمپس کے انعقاد کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ لوگوں کو بروقت تشخیص، طبی مشاورت اور علاج کی سہولیات میسر آسکیں۔
محکمہ صحت اور پاک فوج کے اشتراک سے منعقدہ اس کیمپ کو علاقے کے عوام کے لیے ایک اہم فلاحی اقدام قرار دیا گیا۔
