ڈپٹی کمشنر میرپور سید عمران عباس نقوی کی زیر صدارت 24 اکتوبر، یومِ تاسیس آزاد جموں و کشمیر کو قومی جوش و جذبے کے ساتھ منانے اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس ایس پی میرپور خرم اقبال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چوہدری نعیم اختر، اسسٹنٹ کمشنر میاں حسام ساجد، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فدا حسین راجہ، ضلع مفتی عبدالغفار سیلفی، ڈپٹی ڈائریکٹر لبریشن سیل سردار عظیم سرور اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یومِ تاسیس کے موقع پر شہر کی اہم سرکاری عمارات، شاہراہوں اور داخلی راستوں کو برقی قمقموں، آزاد کشمیر اور پاکستان کے قومی پرچموں سے سجایا جائے گا، جبکہ نمایاں مقامات پر تحریکِ آزادی کشمیر، کشمیری شہداء کی قربانیوں اور حقِ خودارادیت کے پیغام کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی بینرز، پینا فلیکس اور ڈیجیٹل اسکرینز نصب کی جائیں گی۔اجلاس میں تعلیمی اداروں اور جامعات میں سیمینارز، تقریری مقابلوں، خصوصی تقریبات ، نمائشی کھیلوں کے مقابلوں اور دیگر نمائشی پروگرامز کے انعقاد کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ طلبا و طالبات کو آزاد جموں و کشمیر کے قیام اور تحریکِ آزادی کشمیر کی تاریخ سے روشناس کرانے کے ساتھ نوجوانوں میں قومی جذبے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں اجلاس میں صفائی ستھرائی، سکیورٹی اور ٹریفک کی روانی سمیت دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ محکموں کی تجاویز پر اقدامات اٹھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر سید عمران عباس نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 24 اکتوبر، یومِ تاسیس آزاد جموں و کشمیر ہماری قومی تاریخ کا اہم سنگِ میل ہے۔ یہ دن کشمیری عوام کی جدوجہد، قومی تشخص اور حقِ خودارادیت کے عزم کی علامت ہے۔ اس دن کو شایانِ شان انداز میں منانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریبات کے ذریعے تحریکِ آزادی کشمیر، شہداء کی قربانیوں اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے پیغام کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے تاکہ نئی نسل کو اپنی تاریخ اور قومی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر میرپور سید عمران عباس نقوی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام انتظامات مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں اور باہمی رابطے و تعاون کے ذریعے تقریبات کو منظم بنایا جائے۔ انہوں نے سکیورٹی کے مؤثر انتظامات، ٹریفک کی بلاتعطل روانی، صفائی ستھرائی اور عوامی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو مستعد رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادارے قومی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے پیشہ ورانہ انداز میں اپنے فرائض انجام دیں تاکہ میرپور میں یومِ تاسیس کی تقریبات قومی وقار، یکجہتی اور بھرپور عوامی شرکت کے ساتھ منعقد کی جا سکیں،اجلاس میں ریسکیو 1122 کے سردار نجم الثاقب، ایکسین شوکت سرفراز عباسی، ایکسین شاہرات شہزادہ اورنگزیب خان، لیگل آفیسر محمد فیاض، ڈی ای او اسحاق مغل، تحصیلدار عمران یوسف، بلدیہ کے نمائندے جواد زمان، انفارمیشن آفیسر خضر حیات، چیف انسٹرکٹر عبدالروف اور نمائندہ مسٹ تیمور اختر سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
