راولپنڈی: پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں سہ ملکی سیریز کے دوسرے میچ میں راولپنڈی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہیں۔ انگلش ٹیم 21 سال بعد پاکستان میں دوطرفہ ون ڈے مقابلے کے لیے میدان میں اتری ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پاکستانی سرزمین پر آخری ون ڈے میچ 21 دسمبر 2005 کو کھیلا گیا تھا، جس میں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی تھی، تاہم پاکستان نے سیریز 2-3 سے اپنے نام کی تھی۔
انگلینڈ نے 2025 کی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان میں تین ون ڈے میچ کھیلے تھے، لیکن اسے تینوں مقابلوں میں شکست ہوئی تھی۔ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں انگلینڈ چوتھے اور پاکستان پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
انگلش ٹیم نے حال ہی میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز 1-2 سے جیتی ہے۔ ٹیم نے پاکستان میں آخری مرتبہ ون ڈے سیریز 1987-88 میں اپنے نام کی تھی، جبکہ پاکستان اپنی سرزمین پر گزشتہ تین ون ڈے سیریز میں ناقابل شکست رہا ہے۔
آج کے میچ میں پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی اور انگلینڈ کے بلے باز جو روٹ کے پاس بھی اہم سنگ میل عبور کرنے کا موقع ہے۔ شاہین آفریدی کو ون ڈے کرکٹ میں 150 وکٹیں مکمل کرنے کے لیے ایک وکٹ درکار ہے، جبکہ جو روٹ 97 رنز بنا کر انگلینڈ کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں 8 ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے بلے باز بن سکتے ہیں۔
