کراچی: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی اپیل پر ملک بھر میں ہڑتال جاری ہے، جس کے باعث کراچی، اسلام آباد، لاہور اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں کاروباری و تجارتی مراکز بند ہیں۔
کراچی میں ہڑتال کے دوران بعض علاقوں میں نامعلوم افراد کی جانب سے جلاؤ گھیراؤ بھی کیا گیا۔ کورنگی کراسنگ کے قریب نامعلوم افراد نے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹائر نذر آتش کیے، جبکہ دو موٹر سائیکلیں بھی جلا دی گئیں۔
موسمیات، صفورا چورنگی اور اطراف کے علاقوں میں بھی نامعلوم افراد نے دکانیں اور پیٹرول پمپس بند کروائے۔ صبح سویرے کھلنے والے کاروباری مراکز بھی ہڑتال کے باعث بند رہے۔
دوسری جانب کراچی بار ایسوسی ایشن نے بھی جماعت اسلامی اور تاجروں کی جانب سے اعلان کردہ ہڑتال کی حمایت کردی ہے۔
کراچی بار کے مطابق مہنگائی کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے کراچی پریس کلب تک پُرامن ریلی نکالی جائے گی۔ بار ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ہڑتال اور پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کے باعث وکلا اور سائلین کو سٹی کورٹ پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔
کراچی بار نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ ہڑتال کے باعث وکلا یا سائلین کی عدم حاضری پر کوئی سخت حکم جاری نہ کیا جائے۔
اسلام آباد
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر اسلام آباد کے مختلف کاروباری و تجارتی مراکز میں بھی جزوی ہڑتال رہی۔ سپر مارکیٹ، آبپارہ، جی ایٹ اور جی نائن سمیت مختلف علاقوں میں بڑی تعداد میں دکانیں بند رہیں۔
تاجروں نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک کی حمایت کا اعلان کیا، جبکہ شہریوں کی جانب سے بھی اپیل پر کاروبار بند کیے گئے۔
پنجاب
پنجاب میں بھی جماعت اسلامی کی ملک گیر ہڑتال کی کال پر مختلف شہروں میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔
لاہور میں کوئینز روڈ، عابد مارکیٹ، ہال روڈ، مال روڈ، نسبت روڈ مارکیٹ، فیروزپور روڈ اور برنتھ روڈ سمیت مختلف علاقوں میں کاروباری مراکز بند رہے۔
ہڑتال کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوئے۔ مظاہرین اور تاجروں کا مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔
خیبر پختونخوا
خیبر پختونخوا میں بھی جماعت اسلامی کی اپیل پر پیٹرولیم لیوی، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے خلاف ہڑتال جاری رہی۔
صوبے کے مختلف علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں جبکہ جماعت اسلامی اور تاجروں کی جانب سے حکومت سے مہنگائی میں کمی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
