کراچی: پاک بحریہ کی تربیتی جنگی مشق ’’سی سپارک 2026‘‘ کا کراچی میں آغاز ہوگیا۔ سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے مشق کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ مسلح افواج کے اعلیٰ افسران بھی تقریب میں موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سی سپارک 2026 کا مقصد روایتی اور ابھرتے ہوئے سمندری خطرات سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی جنگی تیاریوں کو جانچنا اور مزید مؤثر بنانا ہے۔ مشق میں پاک بحریہ کے بحری جہازوں، آبدوزوں، طیاروں، بغیر پائلٹ کے نظام، میرینز اور اسپیشل فورسز سمیت پاک فوج اور پاک فضائیہ کے متعلقہ عناصر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
مشق کے آغاز سے قبل نیول چیف نے نیول فلیٹ یونٹس کا دورہ کیا اور جاری آپریشنل سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال مسلسل اعلیٰ سطح کی تیاری، تینوں مسلح افواج کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور کسی بھی صورتحال میں فوری و مؤثر ردعمل کا تقاضا کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سی سپارک 2026 میں سمندری، فضائی، زمینی، سائبر اور خلائی شعبوں میں موجود صلاحیتوں کو یکجا کرتے ہوئے ملٹی ڈومین آپریشنز کی مشق پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
مشق کے دوران معلوماتی ماحول میں آپریشنز اور معلوماتی جنگ کے تناظر میں فیصلہ کن اور مؤثر ردعمل کی صلاحیتوں کو بھی جانچا جائے گا۔
سی سپارک 2026 کا مقصد پاک بحریہ کی مجموعی آپریشنل تیاری، مختلف شعبوں کے درمیان باہمی رابطہ کاری اور بدلتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
