خواتین سفارتکاری میں نئی راہیں متعین کر رہی ہیں، سفیر سہیل محمودانقرہ: ڈی-8 آرگنائزیشن فار اکنامک کوآپریشن کے سیکرٹری جنرل سفیر سہیل محمود نے خواتین سفارتکاروں کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ خواتین ایک پُرامن، جامع اور باہمی تعاون پر مبنی دنیا کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔سفیر سہیل محمود نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ موجودہ دور میں دنیا کو پیچیدہ اور مسلسل بدلتے ہوئے چیلنجز کا سامنا ہے، ایسے میں بہترین ذہنوں کی شمولیت ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی-8 رکن ممالک میں خواتین سفارتکاری، خارجہ امور اور عوامی خدمات کے مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں اور اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دے رہی ہیں۔سفیر سہیل محمود نے کہا کہ ڈی-8 ممالک کی خواتین سفارتکار اہم سفارتی مشنز کی قیادت، کثیرالجہتی مذاکرات اور عالمی فورمز میں فعال شرکت کے ذریعے مؤثر اور جامع سفارتکاری کو مضبوط بنا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی کامیابیاں نہ صرف قومی ترقی کی عکاس ہیں بلکہ عالمی سطح پر زیادہ نمائندہ اور مؤثر سفارتی نظام کی جانب پیش رفت کا ثبوت بھی ہیں۔سیکرٹری جنرل سفیر سہیل محمود نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خواتین کو سفارتکاری میں مساوی مواقع، مضبوط ادارہ جاتی معاونت اور ایسا ماحول فراہم کرنا ضروری ہے جہاں ان کی آواز کو مکمل اہمیت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی-8 تنظیم خواتین کی ان گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے جو مکالمے، تعاون اور بین الاقوامی ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔سفیر سہیل محمود نے مزید کہا کہ ڈی-8 آرگنائزیشن خواتین کی سفارتکاری، امن، پائیدار ترقی اور دیرپا خوشحالی کے فروغ میں ان کے کردار کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنی وابستگی برقرار رکھے گی۔