پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے لینڈ ریکارڈ کو جدید بنانے کے لیے ای فرد پورٹل اور ڈیجیٹل پبلک فیڈ بیک سسٹم کا افتتاح کردیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی ترجیح شہریوں کو ان کی دہلیز پر شفاف اور تیز رفتار خدمات کی فراہمی ہے تاکہ انہیں ریونیو دفاتر کے بار بار چکر نہ لگانے پڑیں۔
نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت شہری گھر بیٹھے یا قریبی سہولت مرکز سے سرکاری ویب سائٹ، نادرا ای سہولت اور دستک ایپ کے ذریعے اپنی زمین کی فرد حاصل کرسکیں گے۔
نظام کے تحت نادرا سے بائیومیٹرک تصدیق کے بعد فرد کی فیس ون لنک یا ایزی پیسہ کے ذریعے آن لائن ادا کی جاسکے گی۔ فرد صارف کے اکاؤنٹ میں محفوظ رہے گی جبکہ کیو آر کوڈ کے ذریعے اس کی آن لائن تصدیق بھی ممکن ہوگی۔
اس کے علاوہ ریونیو خدمات حاصل کرنے والے شہریوں سے فون کے ذریعے رائے لینے کے لیے ڈیجیٹل پبلک فیڈ بیک سسٹم بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ غیر مطمئن شہریوں کی شکایات متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے ڈیش بورڈ پر منتقل کی جائیں گی۔
حکومت کے مطابق شہریوں سے حاصل ہونے والے فیڈ بیک کو اضلاع کی ماہانہ کارکردگی کے جائزے میں بھی استعمال کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ ڈیجیٹل اصلاحات سے لینڈ ریکارڈ کے نظام میں شفافیت بڑھے گی اور اراضی سے متعلق شکایات میں کمی آئے گی۔
