پشاور: خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران 37 دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حالیہ دہشت گرد حملوں کے تناظر میں کوہاٹ، ہنگو اور تھل کے علاقوں میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز کیے گئے، جن میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور محفوظ پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا گیا۔
20 ستمبر کو کوہاٹ اور ہنگو اضلاع میں دہشت گردوں کے ایک گروہ کے خلاف کارروائی کی گئی، جس کے دوران مؤثر کارروائی میں 9 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق افغانستان سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں بھی دہشت گردوں کے کیمپوں اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 3 اہم اہداف تباہ کیے گئے، جن میں خودکش حملہ آوروں کی تربیت کا مرکز بھی شامل تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ان کارروائیوں میں متعدد خودکش بمباروں سمیت 28 دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے، جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں میں موجود بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران شہریوں اور غیر متعلقہ افراد کو نقصان سے محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، تاہم افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کے مراکز کا موجود ہونا پاکستان کے لیے باعث تشویش ہے۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
