اسلام آباد: پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان 6 کروڑ 50 لاکھ یورو مالیت کے معاہدوں پر دستخط ہوگئے، جن کے تحت ملک میں 3 اہم ترقیاتی پروگرام شروع کیے جائیں گے۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق معاہدوں پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کروبلیس نے دستخط کیے۔
حکام کے مطابق یورپی یونین کی مالی معاونت سے پاکستان میں سرمایہ کاری، قانون کی حکمرانی اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
معاہدوں کے تحت ٹیکس نظام اور طویل مدتی مالیاتی منصوبہ بندی کو بہتر بنانے کے ساتھ توانائی اور ماحولیاتی استحکام کے منصوبوں کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
پروگرام کے تحت خیبرپختونخوا کے آف گرڈ دیہی علاقوں میں قابل تجدید توانائی کے استعمال کو بڑھایا جائے گا، جبکہ صوبے کے توانائی کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری اور شراکت داری کے مواقع بھی پیدا کیے جائیں گے۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں شہریوں کی انصاف تک رسائی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ پنجاب اور سندھ میں متبادل اور تجارتی تنازعات کے حل کے نظام کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان پروگراموں سے پاکستان میں یورپی اور دیگر غیر ملکی کمپنیوں کی سرمایہ کاری میں دلچسپی بڑھنے کی توقع ہے۔
سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے یورپی یونین کی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے کے قومی ہدف سے ہم آہنگ ہیں۔
یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کروبلیس کے مطابق معاہدے پاکستان کی اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے یورپی یونین کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
