ماسکو: روسی چیف آف جنرل اسٹاف ویلری گیراسیموف نے یوکرین کے مشرقی محاذ پر تعینات روسی فوجی دستوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری جنگی کارروائیوں اور فوجی مشنز کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
روسی وزارتِ دفاع کے مطابق ویلری گیراسیموف نے ’’ویسٹ‘‘ ملٹری گروپ کے مختلف یونٹس کی جانب سے انجام دی جانے والی کارروائیوں کا معائنہ کیا اور محاذ پر موجود فوجی اہلکاروں سے ملاقات بھی کی۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں ایک بار پھر شدت دیکھی جا رہی ہے۔ روسی افواج مشرقی یوکرین، بالخصوص ڈونیسک کے مختلف علاقوں میں پیش قدمی اور دباؤ بڑھانے کی کوشش کر رہی ہیں، جبکہ یوکرینی فوج بھی مختلف محاذوں پر جوابی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
روسی وزارتِ دفاع نے گیراسیموف کے دورے کی درست جگہ اور وقت سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کیں۔ تاہم ان کی محاذ پر موجودگی کو روسی فوجی قیادت کی جانب سے جاری آپریشنز کی براہِ راست نگرانی کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔
