نصیر آباد 20جون :سپرنٹنڈنگ انجینئر ایریگیشن سرکل نصیرآباد مدثر ظفر کھوسہ نے ٹیمپل شاخ کے آر ڈی 73، آر ڈی 64، آر ڈی 54 اور آر ڈی 34 سمیت مختلف مائنرز کا دورہ کرکے زرعی پانی کی فراہمی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹیمپل شاخ کے ٹیل تک موجود کاشتکاروں کو ہر صورت میں مقررہ حصے کے مطابق پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور پانی کی ترسیل میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ دورے کے دوران سب ڈویژنل آفیسر سید امجد شاہ، انجینئرز امتیاز علی کھوسہ اور وسیم احمد بہرانی نے زرعی پانی کی ترسیل اور موجودہ صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی۔ مدثر ظفر کھوسہ نے کہا کہ تمام انجینئرز اور فیلڈ عملہ اپنی ذمہ داریاں دیانتداری اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دے، نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شاخ کے آخری سرے تک پانی کی منصفانہ فراہمی یقینی ہو اور کاشتکاروں کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہاکہ تمام کمانڈ ایریاز کو سیراب کرکے کسانوں کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لیے محکمہ ایریگیشن اپنا مثبت کردار اداکر رہا ہے کاشتکاروں کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح کا حصہ ہے.