ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) انشورنس ٹرانسفارمیشن پروگرام کے ذیلی پروگرام ایس پی ون کے تحت پاکستان کو 700 ملین ڈالر فراہم کرے گا۔
وزارت اقتصادی امور کے ترجمان کے مطابق پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)کے درمیان انشورنس ٹرانسفارمیشن پروگرام کے ذیلی پروگرام ایس پی ون کے تحت 700 ملین ڈالر کے پالیسی بیسڈ قرض کے معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اے ڈی بی کی جانب سے ملنے کی اس رقم میں سے 250 ملین ڈالر رعایتی شرائط پر فراہم کیے جائیں گے، معاہدے پر پاکستان کی جانب سے سیکریٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر حسین حیدر نے دستخط کیے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے ایشیائی ترقیاتی بینک کو پاکستان کا قابل اعتماد شراکت دار قرار دیا۔