اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف تین روزہ دورے پر کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک پہنچ گئے، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
بشکیک پہنچنے پر کرغزستان کی کابینہ کے چیئرمین عادلبیک قاسمالییف نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا استقبال کیا۔
وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے اور علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔ وہ ایس سی او پلس سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے، جبکہ ایس سی او اجلاس میں شریک مختلف ممالک کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
ملاقاتوں میں باہمی تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری، علاقائی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کرغزستان کے صدر صدار ژاپاروف سے بھی دوطرفہ ملاقات کریں گے، جس میں پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔
دورۂ کرغزستان کے دوران تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی روابط، تعلیم، سیاحت اور عوامی روابط کے فروغ پر بھی بات چیت ہوگی۔
وفاقی وزراء جام کمال خان، علیم خان اور عطاء اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
