لزبن: پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو ایک انسٹاگرام سرگرمی کے باعث سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آ گئے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے نشاندہی کی کہ رونالڈو نے ایک ایسی ویڈیو کو پسند (Like) کیا جس میں فیفا پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ ورلڈ کپ کے دوران اس نے ارجنٹینا کے حق میں جانبداری کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو فائنل تک پہنچنے میں سہولت فراہم کی۔
ورلڈ کپ کے دوران ریفری کے چند فیصلے پہلے بھی تنقید کی زد میں آ چکے ہیں، جن میں مصر کے خلاف ایک متنازع فیصلہ بھی شامل تھا۔ تاہم فیفا نے ان دعوؤں پر کوئی باضابطہ ردعمل یا وضاحت جاری نہیں کی، جبکہ سوشل میڈیا پر اس معاملے پر مختلف آراء کا اظہار جاری ہے۔
دوسری جانب ورلڈ کپ کے فائنل میں اسپین نے اضافی وقت میں ارجنٹینا کو ایک صفر سے شکست دے کر عالمی چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کیا۔
فائنل کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان کشیدگی بھی دیکھنے میں آئی، جس کے بعد فیفا نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحقیقات کے نتائج کی روشنی میں ارجنٹینا کی فٹبال ایسوسی ایشن یا بعض کھلاڑیوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
یاد رہے کہ پرتگال کی ٹیم پری کوارٹر فائنل میں اسپین کے ہاتھوں شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی تھی۔ اس کے بعد 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے تصدیق کی تھی کہ یہ ان کے شاندار کیریئر کا آخری فیفا ورلڈ کپ تھا۔
رونالڈو کا کہنا تھا کہ اگرچہ ٹورنامنٹ سے جلد باہر ہونا مایوس کن رہا، لیکن وہ اس بات پر مطمئن ہیں کہ انہوں نے اپنی ٹیم کے لیے بھرپور کوشش کی۔ انہوں نے مستقبل کے حوالے سے حتمی فیصلہ بعد میں کرنے کا عندیہ بھی دیا۔
