فیلڈ مارشل کی فارمیشنز کو ہمہ وقت چوکس رہنے اور آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت
پشاور: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبر پختونخوا کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور جاری انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بریفنگ کے دوران سرحدی انتظامات اور مختلف فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے متعلقہ فارمیشنز کو مسلسل چوکس رہنے اور اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
آرمی چیف نے کہا کہ مسلح افواج قوم کی حمایت کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تیاری کو سراہتے ہوئے عوام کے تحفظ کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
دورے کے دوران آرمی چیف نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، جبکہ وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
