لاہور ایکسپو سینٹر میں تین بڑے بین الاقوامی ایونٹس کا انعقاد ہورہا ہے، جن سے 150 ملین ڈالر سے زائد کی کاروباری سرگرمی متوقع ہے۔
فوڈ ایشیا، انٹرنیشنل انڈسٹری ایکسپو اور بیوٹی ایشیا کے نام سے تینوں نمائشیں 12 سے 14 ستمبر تک جاری رہیں گی۔
ای کامرس گیٹ وے اور ایس آئی ایف سی کی اسٹریٹجک شراکت داری سے منعقد ہونے والے ان ایونٹس میں ملکی و غیر ملکی کاروباری نمائندے شرکت کررہے ہیں، جہاں تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔
منتظمین کے مطابق تینوں نمائشوں میں 50 ہزار سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔ ان عالمی ایونٹس کا مقصد پاکستانی صنعت کو جدید ٹیکنالوجی، بین الاقوامی منڈیوں اور سرمایہ کاری کے مواقع سے جوڑنا ہے۔
انٹرنیشنل انڈسٹری ایکسپو میں جدید مشینری، آٹومیشن، پیکیجنگ، خام مال اور ری سائیکلنگ ٹیکنالوجی پیش کی جائے گی، جبکہ بیوٹی ایشیا میں کاسمیٹکس، اسکن کیئر، ڈرماٹولوجی اور بیوٹی ٹیکنالوجی کو اجاگر کیا جارہا ہے۔
فوڈ ایشیا میں عالمی کمپنیاں فوڈ اجزا، جدید مشینری، پیکیجنگ اور فوڈ ٹیکنالوجی سمیت مختلف مصنوعات اور حل متعارف کرائیں گی۔
