🎓 “ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل کا منفرد انداز! کلاس میں بچوں کے ساتھ بیٹھ گئے، سبق بھی سنا اور حوصلہ بھی بڑھایا”
***********
موسیٰ خیل (ڈسٹرکٹ نیوز) ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خان خجک نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول ڈاکیان کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے اساتذہ کی حاضری، تدریسی نظام اور تعلیمی معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کا سب سے خوشگوار اور متاثرکن لمحہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب ڈپٹی کمشنر ننھے طلباء کے درمیان جا بیٹھے، ان سے گرمجوشی سے مصافحہ کیا، ان کا سبق سنا اور انہیں خوب داد دیتے ہوئے مزید محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی۔ بچوں نے بھی ڈپٹی کمشنر کو اپنے درمیان پا کر بے حد خوشی کا اظہار کیا اور ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خان خجک نے کہا کہ “یہ ننھے بچے ہماری قوم کا روشن مستقبل ہیں۔ ان کی معیاری تعلیم و بہترین تربیت کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ وہ ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ بن سکیں۔”
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سکولوں میں تعلیمی ماحول، اساتذہ کی حاضری اور طلباء کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ بچوں کو معیاری تعلیم میسر آ سکے۔
ڈسٹرکٹ نیوز — مقامی خبروں سے قومی منظرنامے تک۔