اسلام گڑھ (نامہ نگار) صدر استحکام پاکستان اسٹوڈنٹس فیڈریشن پنجاب راجہ مزمل افضل نے مولانا فضل الرحمان کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے الفاظ واپس لیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے ریاست اور قومی اداروں کے حوالے سے استعمال کیے گئے الفاظ قابل مذمت ہیں۔
اپنے مذمتی بیان میں راجہ مزمل افضل کا کہنا تھا کہ ریاست پاکستان اور اس کے دفاعی ادارے ہماری پہچان اور فخر ہیں، جن کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، تاہم ریاست اور قومی سلامتی کے معاملات پر سخت اور نامناسب الفاظ کا استعمال کسی صورت درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے بیان پر عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے اور اس طرح کی گفتگو ملک میں امن و امان کی صورتحال کو متاثر کرنے کا سبب بن سکتی ہے۔ ان کے مطابق ریاست پاکستان کے محافظ ہونے کے ناطے وہ کسی ایسی بات کو برداشت نہیں کریں گے جو ملکی وقار کو نقصان پہنچائے یا قومی مفادات کے خلاف ہو۔
راجہ مزمل افضل نے مذہبی اور سیاسی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ اپنے بیانات میں احتیاط کریں اور ایسے الفاظ سے گریز کریں جن سے عوام میں اشتعال یا انتشار پیدا ہونے کا خدشہ ہو۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریاستی اداروں کے احترام کے لیے کھڑے ہیں۔
انہوں نے پاکستانی قوم سے اپیل کی کہ ریاست پاکستان کی بالادستی، آئین اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی سلامتی، وقار اور عزت کے معاملے پر کسی قسم کی رعایت یا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
