ژوب (بیورو چیف رفیق قیصرانی): اسسٹنٹ کمشنر ژوب محمد نوید عالم نے ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر نرخ کنٹرول کمیٹی اور اینٹی انکروچمنٹ فورس کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ کارروائی کا مقصد دکانداروں کو مقررہ نرخوں کی پابندی اور تجاوزات کے خاتمے سے متعلق ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنانا تھا۔
بازار کے دورے کے دوران مجموعی طور پر 160 دکانوں کا معائنہ کیا گیا۔ بیشتر دکاندار ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرتے پائے گئے، تاہم خلاف ورزی کرنے والی بعض دکانوں کا سامان ضبط کیا گیا، جبکہ سرکاری سڑک پر تجاوزات قائم کرنے والی ایک دکان کو سیل کر دیا گیا۔
این-50 کے مختلف ہوٹل مالکان کو صفائی کا مناسب انتظام رکھنے اور گندگی و ماحولیاتی آلودگی سے اجتناب کرنے کی سخت ہدایت بھی جاری کی گئی۔ تجاوزات اور انتظامی احکامات کی خلاف ورزی پر متعدد دکانداروں کو جرمانے کیے گئے اور آئندہ محتاط رہنے کی تنبیہ کی گئی۔
انتظامیہ نے کبوتر گلی میں اسکول کے اوقات کے دوران موجود 6 بچوں کو عارضی طور پر حراست میں لے کر ان کے والدین کو طلب کیا اور بچوں کی سرگرمیوں پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔
دوسری جانب بازار میں بھکاریوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی اور متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا۔ یقین دہانی کے بعد بعض افراد کو رہا کر دیا گیا، جبکہ سیلیازہ پکنک پوائنٹ سے بھی ایک خاتون بھکاری کو حراست میں لیا گیا۔
سیلیازہ میں منعقدہ آگاہی مہم کے دوران شہریوں، خصوصاً والدین اور بزرگوں کو نوجوانوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی تلقین کی گئی۔ ون ویلنگ اور ٹنٹڈ شیشوں والی گاڑیاں استعمال کرنے والے چند نوجوانوں کو بھی عارضی طور پر حراست میں لیا گیا
