پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے ویمنز ایشیا ٹی ٹوئنٹی کپ میں ہانگ کانگ کو 72 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے اور ہانگ کانگ کو فتح کے لیے 144 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان کی جانب سے شوال ذوالفقار 47 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہیں، جبکہ عائشہ ظفر نے 26 رنز اسکور کیے۔ ہانگ کانگ کی طرف سے جولین کور نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اقرا سحر اور کیری چن نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی ٹیم پاکستانی بولنگ کے سامنے مشکلات کا شکار رہی اور 19 اوورز میں 71 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ کیری چن 30 جبکہ یاسمین 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔
پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں اور ہانگ کانگ کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔
پاکستان نے ایشیا کپ کے اپنے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کو شکست دے کر کامیاب آغاز کیا تھا، تاہم اسے بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہانگ کانگ کے خلاف کامیابی کے بعد قومی ٹیم نے سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی ہے۔
