اسلام آباد: وفاقی بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ٹیکس میں ریلیف دینے کے باوجود جولائی 2026 میں اس طبقے سے حاصل ہونے والے انکم ٹیکس میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ایف بی آر حکام کے مطابق جولائی 2026 میں تنخواہ دار افراد سے 44 ارب روپے انکم ٹیکس وصول ہوا، جبکہ گزشتہ سال اسی ماہ یہ وصولی 42 ارب روپے تھی۔ یوں سالانہ بنیاد پر تنخواہ دار طبقے سے ٹیکس وصولی میں 2 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2024 میں تنخواہ دار طبقے سے تقریباً 30 ارب روپے انکم ٹیکس وصول کیا گیا تھا، جس کے مقابلے میں موجودہ وصولی نمایاں طور پر زیادہ ہے۔
دوسری جانب جائیداد کی خرید و فروخت سے بھی ٹیکس وصولی میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ جولائی 2026 میں جائیداد کے لین دین سے 15.5 ارب روپے ایڈوانس انکم ٹیکس حاصل کیا گیا۔
ایف بی آر کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2026 میں جائیداد کے تقریباً 90 ہزار لین دین ریکارڈ کیے گئے، جبکہ جولائی 2025 میں یہ تعداد تقریباً 60 ہزار تھی۔ اس طرح ایک سال کے دوران جائیداد کے لین دین میں تقریباً 50 فیصد اضافہ ہوا۔
