کراچی: پاکستان کی ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات مالی سال 2025-26 کے دوران 18 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ 4 سال کی بلند ترین سطح ہے۔
پاکستان ٹیکسٹائل کونسل کی جانب سے جاری پہلی سالانہ ایکسپورٹ پرفارمنس رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات میں 0.3 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق مجموعی قومی برآمدات 5.9 فیصد کمی کے بعد 30.14 ارب ڈالر رہیں، تاہم قومی برآمدات میں ٹیکسٹائل شعبے کا حصہ تقریباً 60 فیصد رہا۔
ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ بنیادی طور پر ملبوسات اور ہوم ٹیکسٹائل مصنوعات کی بدولت ہوا۔ اپیرل اور ہوم ٹیکسٹائل میڈ اپس کی برآمدات 1.1 فیصد اضافے کے بعد 14.98 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو مجموعی ٹیکسٹائل برآمدات کا 83.2 فیصد بنتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق خام مال اور انٹرمیڈیٹ مصنوعات کی برآمدات 3.4 فیصد کمی کے بعد 3.03 ارب ڈالر رہیں، جو 5 سال کی کم ترین سطح ہے۔
نان نِٹ اپیرل کی برآمدات میں 3.9 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 4.295 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں۔ اس دوران مردوں کی کاٹن ٹراؤزر کی برآمدات میں 19 فیصد جبکہ خواتین کی کاٹن ٹراؤزر کی برآمدات میں 54 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ہوم ٹیکسٹائل اور میڈ اپس 5.705 ارب ڈالر کی برآمدات کے ساتھ سب سے بڑا سنگل چیپٹر رہا، تاہم اس شعبے کی شرح نمو 0.6 فیصد رہی۔ نِٹ ویئر کی برآمدات 0.7 فیصد کمی کے بعد 4.979 ارب ڈالر رہیں۔
رپورٹ کے مطابق یورپی یونین پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی سب سے بڑی منڈی رہی، جہاں برآمدات 7.103 ارب ڈالر رہیں۔ امریکا کو ٹیکسٹائل برآمدات 4.853 ارب ڈالر، برطانیہ کو 1.730 ارب ڈالر، چین کو 644 ملین ڈالر جبکہ بنگلا دیش کو تقریباً 620 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں۔
