امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کے دوران 11 طیارے گرائے گئے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان جنگ رکوانے کے لیے انہوں نے بھاری تجارتی ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔
فلوریڈا میں خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے دنیا بھر میں آٹھ جنگیں رکوانے میں کردار ادا کیا، تاہم اس کے باوجود انہیں نوبیل امن انعام نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ پانچ تنازعات کو ٹیرف کے ذریعے روکنے میں مدد ملی اور جنگیں رکوانا ان کے لیے اعزاز ہے۔
ایران سے متعلق گفتگو میں امریکی صدر نے کہا کہ امریکا ایک اور آپریشن کرسکتا ہے، تاہم جنگ جلد ختم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے ایران کے بعد کیوبا کی جانب توجہ دینے کا امکان بھی ظاہر کیا اور کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کو معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے بھیجا جائے گا۔
ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل جاری رہنے کا دعویٰ بھی کیا۔ یہ تمام دعوے امریکی صدر کے بیان سے منسوب ہیں۔
