وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، ٹریڈ فیسلیٹیشن بورڈ کے قیام کی منظوری
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت تجارت میں سہولیات کی فراہمی سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے ٹریڈ فیسلیٹیشن بورڈ کے قیام کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف خود ٹریڈ فیسلیٹیشن بورڈ کی صدارت کریں گے۔ مجوزہ بورڈ تجارت کی مکمل سپلائی چین میں بہتری لانے اور سرحد پار تجارت سے متعلق تمام نان ٹیرف امور پر فیصلے کرے گا۔
بورڈ تجارت کے فروغ کے لیے روڈ میپ، ٹریڈ فیسلیٹیشن انڈیکس اور اس کی مانیٹرنگ سے متعلق حکمت عملی بھی مرتب کرے گا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ملک کی بندرگاہوں کی استعداد کار بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے اور اس مقصد کے لیے مختلف ورکنگ گروپس تشکیل دینے کی ہدایت کی۔
ورکنگ گروپس بندرگاہوں کی استعداد کار میں بہتری، متعلقہ محکموں کے درمیان رابطہ و ہم آہنگی، ریگولیٹری فریم ورک پر عملدرآمد، پری ارائیول کلیئرنس اور بین الاقوامی تجارت میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کی شمولیت سے متعلق امور پر کام کریں گے۔
وزیراعظم نے درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کے لیے بندرگاہوں پر مال کی ترسیل، کلیئرنس اور دیگر متعلقہ امور کو مزید آسان بنانے اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جاری اصلاحات کے تحت پورٹ چارجز میں کمی کی گئی ہے، جس کے بعد بندرگاہوں کے استعمال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ اس کے علاوہ جہازوں کی آمد سے قبل گڈز ڈیکلریشن جمع کرانے کی سہولت کے استعمال میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر بحری امور جنید انور چوہدری، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی سمیت متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
حکومت کے مطابق ٹریڈ فیسلیٹیشن بورڈ کے قیام اور بندرگاہوں سے متعلق اصلاحات کا مقصد پاکستان میں تجارت کے عمل کو تیز، مؤثر اور کاروباری طبقے کے لیے مزید آسان بنانا ہے۔
