گومل یونیورسٹی میں ڈینٹل ٹیکنالوجی کے فارغ التحصیل طلبہ کے اعزاز میں تیسرا سالانہ کانووکیشن
ڈیرہ اسماعیل خان (ڈسٹرکٹ نیوز): گومل یونیورسٹی کی فیکلٹی آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے شعبہ ڈینٹل ٹیکنالوجی کے زیرِ اہتمام سیشن 2022 تا 2026 کے فارغ التحصیل طلبہ کے اعزاز میں تیسرا سالانہ ڈینٹل کانووکیشن منعقد کیا گیا۔ تقریب ڈاکٹر عبد القدیر خان آڈیٹوریم میں ہوئی، جس میں طلبہ کی تعلیمی کامیابیوں کو سراہا گیا اور ان کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
تقریب میں پرو وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابر، ڈین فیکلٹی آف ایڈمنسٹریٹو سائنسز اینڈ لا پروفیسر ڈاکٹر زاہد اعوان، ڈین فیکلٹی آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر شفیع اللہ خان، پروفیسر ڈاکٹر سمیع اللہ خان، فیکلٹی ممبران، طلبہ کے والدین اور فارغ التحصیل طلبہ نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابر نے فارغ التحصیل طلبہ کو تعلیمی سفر کی اہم کامیابی پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت میں معیاری تعلیم، جدید پیشہ ورانہ مہارت اور انسانیت کی خدمت بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ عملی زندگی میں اپنے فرائض دیانت داری، محنت، لگن اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کے مطابق انجام دیں اور ملک کے شعبہ صحت کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔
ڈین فیکلٹی آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر شفیع اللہ خان نے اپنے خطاب میں شعبہ ڈینٹل ٹیکنالوجی کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے فیکلٹی ممبران کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ کو مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی عملی زندگی میں محنت، دیانت داری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے شعبے میں نمایاں مقام حاصل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تقریب طلبہ کی مسلسل محنت اور تعلیمی کامیابیوں کا اعتراف ہونے کے ساتھ ان کے پیشہ ورانہ سفر کے ایک نئے مرحلے کا آغاز بھی ہے۔
تقریب میں شعبہ ڈینٹل ٹیکنالوجی کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ طلبہ کو معیاری تعلیم اور جدید پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرکے شعبہ صحت کے لیے قابل، ہنرمند اور ذمہ دار افرادی قوت تیار کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
