ہنگو: سیکیورٹی فورسز نے ضلع ہنگو میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرم شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 7 اگست کو ضلع ہنگو میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید مزاحمت کے دوران دہشت گردوں نے مسجد میں پناہ لینے کی کوشش کی، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کارروائی میں 7 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف مختلف کارروائیوں میں ملوث رہے تھے اور شہریوں کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں بھی ان کا کردار سامنے آیا تھا۔
کیپٹن حمزہ اکرم کی شہادت
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن حمزہ اکرم نے جامِ شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید افسر کا تعلق ضلع نارووال سے تھا اور وہ اپنے دستے کی قیادت کرتے ہوئے دہشت گردوں کا تعاقب کر رہے تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے بعد علاقے میں موجود دیگر ممکنہ دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن شروع کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملک میں غیر ملکی معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی ادارے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا خراجِ عقیدت
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے کیپٹن حمزہ اکرم کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
رہنماؤں نے شہید افسر کی بہادری، فرض شناسی اور قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کیے جانے پر بھی انہیں سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوان قوم کا سرمایہ ہیں اور ان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔
صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے شہید کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر عطا کرے
