اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے غیر قانونی سرگرمیوں اور دستاویزات سے متعلق خلاف ورزیوں کے خلاف مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 374 چینی شہریوں کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی کارروائی کے دوران 258 چینی شہریوں کو فارن ایکٹ کے تحت حراست میں لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد پاکستان میں قیام سے متعلق مطلوبہ دستاویزات پیش نہیں کرسکے۔
دوسری جانب این سی سی آئی اے نے بھی کارروائی کرتے ہوئے 116 چینی شہریوں کو گرفتار کیا۔ یہ کارروائی اسلام آباد میں مبینہ طور پر غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران کی گئی۔
ذرائع کے مطابق گرفتار چینی شہریوں کو رکھنے کے لیے اسلام آباد کے گلبرگ میں واقع سپارکو پلازہ کو سب جیل قرار دیا گیا ہے۔ چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے سپارکو پلازہ کو سب جیل بنانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جاچکا ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، جبکہ غیر قانونی قیام اور مبینہ سائبر کرائم سرگرمیوں سے متعلق مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
