لزبن: پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے شاندار کیریئر کے اختتام کے حوالے سے اہم اشارہ دے دیا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں رونالڈو نے کہا کہ موجودہ سیزن ممکنہ طور پر فٹبال میں ان کا آخری سال ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کھیل کو الوداع کہتے وقت اپنے پیچھے ایک یادگار ورثہ چھوڑنا چاہتے ہیں۔
پانچ مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے رونالڈو انگلینڈ، اسپین، اٹلی اور سعودی عرب میں لیگ ٹائٹل اپنے نام کرچکے ہیں۔ وہ بین الاقوامی فٹبال میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔
پرتگالی کپتان گزشتہ تقریباً چار برس سے سعودی عرب کے کلب النصر سے وابستہ ہیں اور ان کے موجودہ معاہدے میں مزید ایک سال باقی ہے۔
رونالڈو کا کہنا تھا کہ فٹبال سے کنارہ کشی کے بعد وہ اپنی زندگی کے دیگر پہلوؤں سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں، جن میں سفر، خاندان کے ساتھ وقت گزارنا اور پیڈل سمیت دیگر کھیل شامل ہیں۔
41 سالہ رونالڈو نے حال ہی میں اپنی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز سے شادی کی ہے۔ دونوں کے پانچ بچے ہیں۔
رونالڈو اپنے کیریئر کے 1000 گولز مکمل کرنے کے سنگِ میل سے بھی صرف 24 گول دور بتائے جا رہے ہیں، جس کے باعث ان کے ممکنہ ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر دنیا بھر کے فٹبال شائقین کی نظریں مرکوز ہیں۔
دوسری جانب رونالڈو کے دیرینہ حریف اور ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی بھی اپنے مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی کا اظہار کرچکے ہیں۔
