پورٹ قاسم کی کارکردگی میں نمایاں بہتری، کارگو ہینڈلنگ 47 ملین ٹن تک پہنچ گئی
وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات کے اقدامات کے نتیجے میں پورٹ قاسم کی کارکردگی میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ بندرگاہ پر کارگو ہینڈلنگ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق پورٹ قاسم پر کارگو ہینڈلنگ 45 ملین ٹن سے بڑھ کر 47 ملین ٹن تک پہنچ گئی ہے۔ بحری جہازوں کی آمدورفت کے لیے چینلز میں مطلوبہ گہرائی برقرار رکھنے کی غرض سے ڈریجنگ کا عمل بھی مسلسل جاری ہے۔
پورٹ آپریشنز میں بہتری کے ساتھ کسٹمز کلیئرنس کے نظام میں بھی اصلاحات کی گئی ہیں۔ فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ کے نفاذ سے کلیئرنس کے عمل میں شفافیت بڑھانے اور اسے زیادہ مؤثر بنانے میں مدد ملی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق فیس لیس اسیسمنٹ کے بعد فی گڈز ڈیکلریشن ریونیو کلیکشن 6.8 ملین روپے سے بڑھ کر 7.9 ملین روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ان اصلاحات کے نتیجے میں پورٹ قاسم کی عالمی سطح پر کارکردگی میں بھی بہتری سامنے آئی ہے۔ ورلڈ بینک کے کنٹینر پورٹ پرفارمنس انڈیکس کے مطابق گزشتہ پانچ برس کے دوران پورٹ قاسم کو دنیا کی پانچویں سب سے زیادہ بہتری دکھانے والی بندرگاہ قرار دیا گیا ہے۔
بہتر آپریشنز، شفاف کسٹمز نظام اور صنعتی روابط میں اضافے کے باعث پورٹ قاسم ملکی تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کے لیے ایک اہم مرکز کے طور پر مزید مضبوط ہو رہا ہے۔
