کمشنرڈیرہ دائود خان نے احکامات جاری کردیے۔ تفصیلات کے مطابق گرلز کیڈٹ کالج ڈیرہ میں تدریسی عملے کی تعیناتی کا عمل مکمل کرتے ہوئے تمام لیکچررز کی تقرری میرٹ کی بنیاد پر کردی گئی۔ کمشنر ڈیرہ ڈویژن و قائم مقام پرنسپل گرلز کیڈٹ کالج دائود خان نے تقرری کے باقاعدہ احکامات جاری کیے۔تقرری کے موقع پر وائس پرنسپل عافیہ سعادت قیصرانی، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس اسد اللہ خان گنڈاپور اور ایڈمنسٹریٹو آفیسر الہام خان بھی موجود تھیں۔کمشنر دائود خان نے کہا کہ گرلز کیڈٹ کالج ڈیرہ کا بنیادی مقصد طالبات کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط، تربیت اور بہترین کردار سازی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیکچررز کی تقرری میں میرٹ کو بنیادی اصول بنایا گیا ہے اور امید ہے کہ مقرر کیے گئے اساتذہ اپنی ذمہ داریاں محنت، دیانت داری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ انجام دیں گے۔وائس پرنسپل عافیہ سعادت قیصرانی نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان اور جنوبی اضلاع کی طالبات کے لیے ایک معیاری تعلیمی ادارے کے قیام اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ گرلز کیڈٹ کالج طالبات کو تعلیم کے ساتھ بہتر تربیت اور مستقبل میں آگے بڑھنے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔کالج انتظامیہ نے میرٹ پر منتخب ہونے والے تمام لیکچررز کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ طالبات کی تعلیم، تربیت اور کردار سازی میں بھرپور کردار ادا کریں گے اور انہیں ملک و قوم کا قابل اور ذمہ دار فرد بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
