اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے غریب اور متوسط طبقے کے لیے جاری پیٹرولیم سبسڈی اسکیم میں مزید سہولت فراہم کرتے ہوئے رجسٹریشن کے لیے بھیجے جانے والے ایس ایم ایس کی فیس ختم کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق پیٹرولیم سبسڈی اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ اس اسکیم کا دائرہ پورے ملک سمیت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان تک پھیلا ہوا ہے۔
حکومت کے مطابق اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے شہریوں کو اب ایس ایم ایس چارجز ادا نہیں کرنا ہوں گے۔ رجسٹریشن کے لیے REG لکھ کر اسپیس دیں، اس کے بعد شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر پلیٹ، رجسٹریشن کے صوبے کا پہلا حرف اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ درج کرکے 9771 پر ایس ایم ایس بھیجنا ہوگا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق پیٹرولیم سبسڈی اسکیم سے متعلق مزید تفصیلات سرکاری ویب سائٹ pmfuelrelief.pk پر بھی دستیاب ہیں۔
