پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کی گرفتاریوں اور موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر خیبرپختونخوا اسمبلی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا۔
اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے، جو آج رات 7 بجے ہوگا۔ اجلاس میں صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال اور دیگر متعلقہ معاملات پر غور کیا جائے گا۔
خبر کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے 27 ستمبر کے احتجاج کے تناظر میں پی ٹی آئی کے بعض ارکان اسمبلی کی گرفتاریاں شروع کیے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد سے خیبرپختونخوا اسمبلی کے رکن ناصر الملک کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
دوسری جانب صوبائی وزیر شکیل خان پر مبینہ فائرنگ کے واقعے اور مجموعی سیاسی صورتحال کے باعث اسپیکر نے اسمبلی کا ہنگامی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس میں ارکان اسمبلی کی گرفتاریوں، مبینہ فائرنگ کے واقعے اور صوبے کی سیاسی صورتحال پر ارکان کی جانب سے اظہار خیال متوقع ہے۔
