وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق تیاری کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ لانگ مارچ کے مؤخر ہونے کو ایمرجنسی کے معاملے سے جوڑنا درست نہیں، دونوں معاملات الگ ہیں۔
طارق فضل چوہدری کے مطابق خیبرپختونخوا میں امن و امان اور دہشت گردی کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ایمرجنسی کے آپشن پر غور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت کو بھی یہ پیغام دیا جائے گا کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف اقدامات میں وفاقی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کرے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت ایمرجنسی کے معاملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور تمام متعلقہ پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اگر وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ کیا تو ان کی جماعت اس کے خلاف دستیاب تمام آپشنز استعمال کرے گی۔
