خانیوال: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 15 صوبے بنانے کا حکومتی فیصلہ غلط ہے اور پاکستان کے آئین کا مذاق بنایا جا رہا ہے۔
پنجاب کے ضلع خانیوال میں جے یو آئی (ف) کے رہنما علامہ اکرام القادری کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں آئینی معاملات کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے، لیکن پاکستان کے آئین کا مذاق بنایا جا رہا ہے۔
حکومت عوامی اعتماد کھو چکی ہے
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک کے دو صوبے جل رہے ہیں جبکہ حکومت نئے صوبے بنانے کی بات کر رہی ہے۔ ان کے بقول حکومت عوام کا اعتماد مکمل طور پر کھو چکی ہے۔
انہوں نے 15 صوبے بنانے کے حکومتی فیصلے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل فاٹا انضمام کا فیصلہ بھی بدترین ثابت ہو چکا ہے۔
پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سے رابطے جاری
جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے بتایا کہ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سے بات چیت جاری ہے اور اسمبلی کے اندر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کے لیے مشاورت کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان رابطوں کا مقصد پارلیمنٹ میں مشترکہ حکمت عملی تشکیل دینا ہے۔
