عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل چوتھے ماہ اضافے کا امکان
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے اور قیمتیں مسلسل چوتھے مہینے بھی بڑھنے کی جانب گامزن ہیں۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق جمعے کے روز تیل کی قیمتوں میں تازہ اضافہ آبنائے ہرمز میں متعدد آئل ٹینکرز کے مبینہ طور پر بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کی اطلاعات کے بعد ریکارڈ کیا گیا۔ اس واقعے نے خطے میں جاری کشیدگی کے دوران عالمی سطح پر تیل کی ترسیل اور سپلائی کو درپیش خطرات کو دوبارہ اجاگر کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا اور اسرائیل کا ایران کے ساتھ تنازع آٹھویں ماہ میں داخل ہورہا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز میں پیش آنے والے واقعات نے عالمی توانائی مارکیٹ میں تشویش بڑھا دی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق برینٹ خام تیل کے دسمبر کے سودوں کی قیمت میں 1.20 ڈالر یعنی 1.04 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد فی بیرل قیمت 116.08 ڈالر تک پہنچ گئی۔
اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت میں بھی 1.37 ڈالر یعنی 1.34 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی قیمت 103.37 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
ماہانہ بنیاد پر برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 11 فیصد اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت بھی رواں ماہ تقریباً 14 فیصد بڑھنے کی جانب گامزن ہے۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کا ایک اہم سمندری راستہ ہے۔ اس علاقے میں سکیورٹی کی صورتِ حال خراب ہونے یا بحری آمدورفت متاثر ہونے سے عالمی منڈی میں تیل کی فراہمی اور قیمتوں پر اثر پڑ سکتا ہے۔
