کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران مزید 9 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زیارت، ہرنائی اور سوراب میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیے گئے۔ زیارت اور ہرنائی کے درمیان پہاڑی علاقے میں ہونے والی کارروائی کے دوران فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر مؤثر کارروائی کی، جس میں 8 دہشتگرد مارے گئے۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں کا ٹھکانہ بھی تباہ کردیا گیا۔ دوسری جانب ضلع سوراب کے علاقے حاجیکہ گاؤں میں کیے گئے آپریشن میں مزید ایک دہشتگرد ہلاک ہوا۔
سیکیورٹی فورسز نے دشت کٹائی اور حاجیکہ کے درمیان ناکہ بندی کرکے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔ کارروائی کے بعد ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے گولہ بارود، میگزین، دستی بم، واکی ٹاکی، موٹرسائیکل اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
