برمنگھم: دی ہنڈریڈ 2026 کے دوران ایجبسٹن اسٹیڈیم میں کرکٹ شائقین کو ایک غیر معمولی منظر دیکھنے کو ملا، جب برمنگھم فینکس اور ایم آئی لندن کے درمیان میچ کے دوران جزوی سورج گرہن کے باعث دن کی روشنی نمایاں طور پر مدھم ہوگئی۔
میچ مقامی وقت کے مطابق شام 6 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوا، جبکہ سورج گرہن تقریباً 6 بج کر 15 منٹ پر شروع ہوچکا تھا۔ گرہن کا عروج شام 7 بج کر 11 منٹ پر آیا، جب سورج کا تقریباً 91.76 فیصد حصہ چاند کے پیچھے چھپ گیا۔ یہ عمل رات تقریباً 8 بج کر 5 منٹ پر مکمل ہوا۔
قدرتی روشنی میں کمی کے باعث ایجبسٹن اسٹیڈیم کی فلڈ لائٹس روشن کردی گئیں اور میچ معمول کے مطابق جاری رہا۔ گراؤنڈ میں موجود شائقین کے لیے یہ منظر کرکٹ کے ساتھ ایک منفرد فلکیاتی تجربہ بھی بن گیا۔
اس دوران اسٹیڈیم کی بڑی اسکرین اور اناؤنسر کی جانب سے شائقین کو بار بار خبردار کیا گیا کہ وہ براہِ راست سورج کی جانب دیکھنے سے گریز کریں۔
مقابلے میں ایم آئی لندن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 157 رنز بنائے، جس کے جواب میں برمنگھم فینکس کی ٹیم 155 رنز تک پہنچ سکی۔ یوں ایم آئی لندن نے دلچسپ مقابلہ صرف 2 رنز سے اپنے نام کرلیا۔
یوں ایجبسٹن میں ہونے والا یہ میچ نہ صرف سنسنی خیز مقابلے بلکہ کرکٹ کے دوران نظر آنے والے اس نایاب فلکیاتی منظر کے باعث بھی شائقین کے لیے یادگار بن گیا۔
