ایل پی جی کے دو جہاز پاکستان پہنچ گئے، صارفین تاحال مہنگی گیس خریدنے پر مجبور
کراچی: عمان سے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کے دو بحری جہاز پاکستان پہنچنے کے باوجود ملک کے مختلف حصوں میں قیمتوں میں نمایاں کمی سامنے نہیں آئی۔ کئی شہروں میں ایل پی جی 600 سے 650 روپے فی کلو تک فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔
دستیاب اطلاعات کے مطابق کوئٹہ میں ایل پی جی کی قیمت 30 روپے کمی کے بعد 520 روپے فی کلو ہوگئی، جبکہ کراچی میں قیمت 550 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح پشاور میں ایل پی جی 570 روپے، اٹک میں 600 روپے جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں 600 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ادھر لاہور میں ایل پی جی کی دکانیں مسلسل دوسرے روز بھی ہڑتال کے باعث بند رہیں، جس سے صارفین کو گیس کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ عمان سے ایل پی جی کے دو بحری جہاز گزشتہ روز پاکستانی بندرگاہوں پر لنگرانداز ہوئے تھے۔ درآمدی گیس کی آمد کے بعد توقع کی جا رہی تھی کہ مقامی مارکیٹ میں قیمتوں پر دباؤ کم ہوگا، تاہم صارفین کو فوری ریلیف نہیں مل سکا۔
ملک بھر میں قیمتوں کے فرق اور درآمدی گیس کی آمد کے باوجود نرخ بلند رہنے کی صورتحال نے صارفین کو تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے۔
