اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کے ہنرمند اور باصلاحیت نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر عملدرآمد کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور پالیسی کے تحت جاری اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے مربوط اور مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔ انہوں نے پالیسی پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ماہانہ اجلاس منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں، خصوصاً خواتین کو روزگار کے نئے مواقع سے جوڑنے کے لیے انہیں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت دینا ضروری ہے۔ انہوں نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کے تمام حصوں کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ہنرمند افرادی قوت کو ملکی اور عالمی مارکیٹ کی طلب سے ہم آہنگ کرنے کے لیے متعلقہ اداروں میں اصلاحات کی گئی ہیں، جبکہ نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے لیے مطلوبہ مہارت اور زبان کی تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
بریفنگ کے مطابق ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے نوجوانوں کو پاکستان اور بیرون ملک دستیاب ملازمتوں کی معلومات ایک ہی پلیٹ فارم پر فراہم کی جا رہی ہیں۔
تعلیمی اداروں میں یوتھ ڈویلپمنٹ سیلز کے قیام پر بھی کام جاری ہے، جہاں نوجوانوں کو کیریئر کاؤنسلنگ، ہنرمندی اور روزگار کے مواقع سے متعلق رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم نے نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی سے نوجوانوں کو حاصل ہونے والے فوائد سے آگاہ کرنے کے لیے مؤثر آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، احسن اقبال، احد چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، مصدق ملک، شزا فاطمہ خواجہ، رانا مشہود سمیت دیگر وفاقی وزرا اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
