کراچی: سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی میں جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کو بدامنی کے ذریعے یرغمال بنانے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ سیاسی مقاصد کے لیے شہریوں کی زندگی اجیرن کرنا اور شہر میں خوف و ہراس پھیلانا انتہائی افسوسناک ہے۔ احتجاج ہر جماعت کا حق ہے، تاہم احتجاج کی آڑ میں قانون کو چیلنج کرنے اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کے نام پر کراچی کو یرغمال بنانے کی کوشش کسی صورت قابل قبول نہیں۔ جو عناصر آگ لگائیں گے، سڑکیں بند کریں گے یا سرکاری و عوامی املاک کو نقصان پہنچائیں گے، ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا، جبکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
کورنگی میں موٹر سائیکلیں جلانے کا وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لے لیا
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورنگی میں نامعلوم افراد کی جانب سے حالات خراب کرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ پولیس کو فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ شرپسند عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور کورنگی میں امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت قابو میں رکھا جائے۔
انہوں نے کورنگی کراسنگ پر موٹر سائیکلوں کو آگ لگانے میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کرنے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔
