راولپنڈی: سہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
راولپنڈی میں کھیلے جانے والے اس مقابلے کے لیے پاکستان نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ قومی ٹیم پہلے میچ میں سری لنکا کو شکست دینے والے کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اتری ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں پاکستانی سرزمین پر 21 سال بعد ون ڈے میچ میں مدمقابل ہیں۔ دونوں کے درمیان پاکستان میں آخری ون ڈے میچ 21 دسمبر 2005 کو کھیلا گیا تھا، جس میں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی تھی، تاہم سیریز پاکستان نے 2-3 سے جیتی تھی۔
انگلینڈ نے 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے دوران پاکستان میں تین ون ڈے میچ کھیلے تھے اور تینوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
آئی سی سی کی موجودہ ون ڈے رینکنگ میں انگلینڈ چوتھے جبکہ پاکستان پانچویں نمبر پر ہے۔ انگلش ٹیم حال ہی میں سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں 1-2 سے ہرا کر پاکستان پہنچی ہے۔ انگلینڈ نے پاکستان میں آخری مرتبہ ون ڈے سیریز 1987-88 میں جیتی تھی۔
دوسری جانب پاکستان اپنی سرزمین پر کھیلی گئی گزشتہ تین ون ڈے سیریز میں ناقابل شکست رہا ہے۔ راولپنڈی میں بھی قومی ٹیم کا ریکارڈ بہتر رہا ہے، جہاں گزشتہ 10 ون ڈے میچوں میں اسے صرف ایک شکست ہوئی۔
