جنوبی افریقا کے سابق کپتان فاف ڈوپلیسی نے انکشاف کیا ہے کہ 2018 میں کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے بال ٹیمپرنگ تنازع کے بعد انہوں نے آسٹریلوی کھلاڑی اسٹیو اسمتھ کو پیغام بھیج کر حوصلہ دیا اور حمایت کا یقین دلایا تھا۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی ویڈیو سیریز میں گفتگو کرتے ہوئے ڈوپلیسی نے کہا کہ اسمتھ کی پریس کانفرنس میں ذمہ داری قبول کرنے کے بعد انہیں محسوس ہوا کہ آسٹریلوی کپتان غیر ضروری دباؤ کا سامنا کررہے ہیں۔ اس صورتِ حال نے انہیں 2016 کے ہوبارٹ ٹیسٹ کی یاد دلائی، جب گیند کی حالت تبدیل کرنے کے معاملے پر انہیں بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ڈوپلیسی کے مطابق انہوں نے اسمتھ کو مشکل وقت میں مضبوط رہنے کا پیغام دیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 2016 میں اسمتھ نے ان کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرنے کے بجائے ان کا دفاع کیا تھا۔ کیپ ٹاؤن اسکینڈل کے بعد اسٹیو اسمتھ پر ایک سال کی پابندی عائد ہوئی تھی اور ان سے کپتانی بھی واپس لے لی گئی تھی۔
